سرینگر: حضرت شیخ سید عبدالقاردر جیلانی(رح ) کا سالانہ عرس مبارک پیر کو متعدد مسلم ممالک کے علاوہ وادی کشمیر کے خانیار،راہ باب صاحب اور سرائے بالا میں نہایت ہی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔Urs Of Dastgeer Sahab
رات بھر آستانہ عالیہ دستگیر صاحب خانیار اور سرائے بالا میں شب خوانی ہوئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔بچوں اور خواتین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کے آستان عالیہ پر حاضری دی اوراپنی مرادیں پانے کے لئے دعائیں کیں۔ اس موقعہ پر مذہبی سکالروں اور مبلغین نے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کے طرز حیات اورتعلیمات پر روشنی ڈالی۔خانیار میں عقیدت مندوں کا دن بھر تانتا بندھا رہا اور نماز ظہر میں کافی تعداد میں نمازیوں جن میں زن و مرد شامل تھے، نے شرکت کی۔
معلوم ہوا ہے کہ رات بھر آستانہ عالیہ پیر دستگیر صاحب (رح ) خانیار میں زائرین کی ایک بڑی تعداد نے شب خوانی کی جس دوران امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعاوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
مزید پڑھیں: Birth Place Of Sheikh Noor Ud Din Noorani شیخ العالم ؒ کی جائے پیدائش کیموہ پر توجہ دینے کی ضرورت
اس عرس مبارک کے موقع پر وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند اس ولی بزرگ کے آستانہ عالیہ پر حاضر ہو جایا کرتے ہیں اور اپنے اپنے حاجات کی روائی کے لئے دعائیں مانگا کرتے ہیں۔تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مبلغین نے لوگوں کو دستگیر صاحبؒ کی تعلیمات اورطرز حیات کو اپنانے پر زور دیا۔
خانیار اور سرائے بالا میں نماز پنجگانہ پر زائرین موئے پاک غوث العظم ؒ کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔دریں اثنا وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں انداربی نے پیر کے روز خانیار میں پیر دستگیر صاحب ؒخانیار کے آستانہ عالیہ پر حاضری دی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ حضرت پیر دستگیر صاحب نے پوری زندگی لوگوں کی روحانی سطح پر رہنمائی کرنے اور انہیں صداقت کی تعلیم دینے میں صرف کی۔انہوں نے کہا کہ دستگیر صاحب کی تصانیف سے لاکھوں کی تعدا دمیں لوگ مستفید ہوئے ہیں اور یہ لوگ ایمانداری اور حق و صداقت کے راستے پر گامزن ہونے اور عالمی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔