مرکزی سرکار نے جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامنیم کا متبادل تلاش کرنا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سبرامنیم کو آئندہ ہفتے مرکزی انتظامیہ میں ایک اہم عہدہ ملنے والا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق "آئندہ ہفتے 1987 بیچ کے آئی اے ایس آفیسر سبرامنیم دہلی میں ایک اہم ذمہ داری سنبھالنے والے ہیں۔ جس کی وجہ سے جموں و کشمیر کے نئے چیف سیکریٹری کا انتخاب کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے اور نیا نام جلد ہی منظر عام پر ہوگا۔"
اُن کا مزید کہنا تھا کہ "انتظامیہ اس وقت پردیپ کمار ترپاٹھی، سودانشو پانڈے اور ارون کمار مہتا کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔ پردیپ اور سودانشو اگرچہ اس وقت مرکزی انتظامیہ میں کام کر رہے ہیں تاہم خطے کی زمہ داری بھی سنبھال سکتے ہیں۔"
واضح رہے کہ سبرامنیم نے سنہ 2018 میں جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا اور اس کے بعد خطے میں ہونے والے تمام اہم پیشرفت میں اہم کردار نبھایا۔ اس سے قبل وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔