سرینگر کے بٹہ مالو اور نوگام علاقوں میں دو نوجوانوں نے خودکشی کر کے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح 27 اور 24 سالہ دو نوجوانوں نے اپنے گھروں میں پھانسی کا پھندہ ڈال کر خودکشی کر لی۔
خودکشی کرنے والے نوجوانوں کی شناخت بٹہ مالو کے 27 سالہ طٰہٰ محی الدین اور آری باغ نوگام کے 24 سالہ تہذیب اکبر کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نوجوانوں کو ان کے اہل خانہ نے اپنے گھروں کے قریبی اسپتال پہنچایا۔ تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس ضمن میں بٹہ مالو اور نوگام پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں وادی کے طول و عرض میں متعدد افراد خصوصاً نوجوانوں نے پھندے سے لٹک کر یا زہریلی شئے کھاکر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا۔ سماج میں خودکشی کے بڑھتے رجحان پر عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔