جموں و کشمیر انتظامیہ نے 30 اپریل کو درماندہ مسافروں کو جموں کشمیر واپس لانے کے لئے اسٹینڈرڈ اپوریشن پروسیجر (SOP)مرتب کیا ہے جس کے تحت بیرون ریاستوں سے آنے والے مسافروں کو ان لائن رجسٹریشن کرنے کا حکم دیا گیا تاکہ ان کے واپس گھر لانے کے لئے انتظامات کئے جائیں۔
محکمہ داخلہ کی پریس ریلیز کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں درماندہ افراد کے لیے ٹرین خدمات کا انتظام کیا جا رہا ہے اور ٹرینوں میں سفر کرنے والے افراد سے کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ کی پریس ریلیز کے مطابق اب تک 30 ہزار افراد جموں کشمیر لکھنپور کے راستہ سے پہنچے ہیں جوکہ ہماچل پردیش، پنجاب سے آئے جبکہ دہلی، چنڈی گڑھ، ہریانہ، اتراکھند، دہلی سے متعدد مسافر جنہوں نے ان لائن رجسٹریشن کیا تھا آنا باقی ہے۔
جموں و کشمیر انتظامیہ نے بغیر رجسٹریشن آنے والے لوگوں کو انتباہ کیا ہے کہ ان کو 21 دنوں کے لئے ضلع کٹھوعہ میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا اگر وہ بنا رجسٹریشن کے جموں و کشمیر میں آنا چاہتے ہیں۔