سرینگر (جموں کشمیر) : ایس سی آر ٹی کی جانب سے سرینگر میں پیر کو ’’ٹوائےکیتھان‘‘ مقابلہ منعقد ہوا جس میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو راے بھٹناگر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹرینگ کشمیر میں منعقدہ تقریب میں وادی بھر سے تعلق رکھنے والے منتخب طالب علموں نے اپنے کھلونوں کی نمائش کی۔
ان کھلونوں کے ذریعے طلبہ میں نیے خیالات کی ترسیل اور اپنی تہذیب و تمدن کی حفاظت کرنا مطلوب تھا۔ اسی طرح کا ایک پروگرام کرشی بھون، جموں میں بھی منعقد ہوا جس میں جموں ڈویژن سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے حصہ لیا۔ سرینگر میں ہونے والی اس تقریب میں گورنر کے مشیر کے علاوہ کمشنر سیکریٹری ایجوکیشن آلوک کمار، ڈائیریکٹر ایس سی آر ٹی پرکشت منہاس، اسپیشل سیکریٹری ایجوکیشن نصیر احمد وانی، پروجیکٹ ڈائیریکٹر دیپ راج، جوائنٹ ڈائیریکٹر سکول ایجوکیشن رؤف رحمان کے علاوہ سبھی ڈائٹ پرنسپلز اور محکمہ تعلیم کے کئی افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے ایل جی کے مشیر آر آر بھٹناگر نے کہا کہ ’’کھلونوں کے ذریعے بچوں کے خیالات میں ایک نئی جدت ملے گی۔ اس طرح کے پروگرام کے دور رس نتائج بر آمد ہو رہے ہیں۔‘‘ تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے کمشنر سیکریٹری ایجوکیشن آلوک کمار نے کہا کہ ’’نظام تعلیم کو نئے خطوط پر استوار کرنے کے لیے اس طرح کے پروگرام ناگزیر ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کھلونوں سے بچوں کو ہمیشہ سے دلچسپی رہتی ہے اور اس طرح کی طرز تعلیم بچوں کے لیے بہت دلچسپ اور فائدہ مند ہے۔
مزید پڑھیں: اونتی پورہ پولیس کے زیر اہتمام پینٹنگ و مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد
اس سے پہلے ڈائریکٹر ایس سی آر ٹی ڈاکٹر پرکھشت منہاس نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس ٹائی کیتھان مقابلے میں جموں و کشمیر کے بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، اور ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد بچوں نے اپنے کھلونے بنائے جو ایک زبردست کامیابی ہے۔ اور بچوں نے نے مختلف زمروں میں اس مقابلے میں حصہ لیا۔ جن میں سے ایک سو اسی طلبہ نے یو ٹی سطح کے لیے کوالیفائی کیا۔ جو آج کے مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں ان طلبہ میں بہترین طلبہ کو آنے والے دنوں میں اعزازات سے نوازا جائے گا۔