عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر پہلے سے کہیں زیادہ مہلک اور خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ روزانہ نئے مریضوں کی تعداد تین لاکھ سے زائد درج کی جارہی ہے۔ وہیں تین ہزار سے زائد ہلاکتیں بھی ہورہی ہیں۔ کورونا کیسز میں اضافے کے دوران متعدد ریاستوں میں مکمل لاک ڈاؤن، جزوی لاک ڈاؤن یا نائٹ کرفیو نافذ ہے۔
اسی طرح جموں و کشمیر میں بھی لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ لاک ڈاؤن پر عمل کرانے کی غرض سے تحصیلدار پانپور اشتیاق محی الدین اور ایس ڈی پی اور میر امیتاز نے متعدد علاقے کا دورہ کیا اور عوام سے رہنما ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
لاک ڈاؤن کے نفاذ کے تحت پولیس نے جگہ جگہ پر ناکے لگا رکھے تھے اور بازار کی طرف آنے جانے والے لوگوں سے پوچھ گچھ کرنے کے بعد ہی انہیں آگے جانے کی اجازت دی جا رہی تھی۔
انتظامیہ کے افسروں نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے اور غیر ضروری طور بازاروں کا رُخ کرنے والے ڈرائیوروں کی کئی ساری گاڑیاں بھی سیز کیں۔
تحصیلدار پانپور نے کہا کہ یہ اقدامات اس لیے اُٹھائے جا رہے ہیں تاکہ بازاروں میں لوگوں کے ہجوم جمع نہ ہو اور کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلنے کا خطرہ لاحق نہ ہو۔
تحصیلدار نے لوگوں کو متنبہ کیا کہ وہ بلاضرورت بازاروں کا رخ نہ کریں اور کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کے لیے گھروں میں ہی رہیں۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایمرجنسی میں ہی گھروں سے نکلیں۔ انہوں نے لوگوں سے تعاون کی بھی اپیل کی ہے۔