جموں و کشمیر کی سرمائی دار الحکومت سرینگر میں رواں موسم کی سرد ترین رات درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں رات کا کم از کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔ مجموعی طور پر جموں و کشمیر میں سردی کی شدت برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 نومبر تک جموں و کشمیر میں موسم خشک رہے گا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 13 نومبر کے بعد کشمیر میں مغربی ہوائیں داخل ہوں گی جس سے بیشتر مقامات پر ہلکی سے لیکر درمیانہ درجے کی برف باری کا امکان ہے۔
جموں و کشمیر میں رواں برس خشک موسم رہنے کی وجہ سے لوگوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پانی کی قلت سے بھی لوگ پریشان رہے۔
ڈاکٹرس اسوسی ایشن کشمیر نے کہا تھا کہ خشک موسم کی وجہ سے سینے کے امرض میں اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ جبکہ بزرگ افراد کو 'فلو ویکسین' لگانے کی سفارش کی گئی تھی۔
ان کے مطابق کورونا وبا کی وجہ سے سینے کے امراض میں مبتلا افراد کو سب سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔