سری نگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں ماہ نومبر کے پہلے ہفتے کے دوران برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 31 اکتوبر کی شام سے یکم نومبر تک ہلکے سے درمیانی درجے کی بارشیں یا برف باری ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں 2 سے 4 نومبر تک موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے جس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی کے درمیانی و بالائی علاقوں میں 5 سے7 نومبر تک ایک بار پھر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں یا برف باری ہونے کا امکان ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس دوران وادی میں سردی کی شدت تیز تر ہوسکتی ہے ۔ Snowfall in Kashmir
انہوں نے کہا کہ برف وباراں کے باعث وادی کے بعض جگہوں بشمول زوجیلا، مغل روڈ اور سادھنہ ٹاپ پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہونے کا امکان ہے۔ ادھر وادی میں قاضی گنڈ کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Telangana Weather تلنگانہ میں یکم یا 2 نومبر کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم دجرجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
یو این آئی