سرینگر: شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ نے منگل کو اپنا41 واں سالانہ دن منایا۔ اس موقعے پر سکمز صورہ میں شعبہ میڈیسن کے سابق سربراہ ڈاکٹر پروفیسر عبدالواحد، پرنسپل میڈیکل کالج سکمز ڈاکٹر پروفیسر عرفان ربانی اور ہسپتال کے شعبہ یورولوجی کے ایچ او ڈی پروفیسر بلدیو سنگھ نے مہان خصوصی کے طور شرکت کی۔ اس موقعے پر سکمز صورہ کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر شوکت اے زرگر نے بطور ایک طبی ماہر اور منتظم کے طور پر اپنے تجربات ساجا کیے۔ وہیں انہوں نے مختلف فیکلٹی ممبران کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کے تعاون اور ادارے کو تشکیل دینے پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ سکمز کی بنیاد مریضوں کی دیکھ بھال، تحقیق اور ماہرین تعلیم پر مبنی ہے۔
پروفیسر عبدالواحد نے دعوت پر آرگنائزنگ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکمز طبی کا مرکز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ بہت سے چیلنجوں کے باوجود اپنی شناخت برقرار رکھے ہوا ہے اور لوگوں کو اس ادارے پر بہت امیدیں ہیں۔ اس موقعے پر ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر پروفیسر پرویز اے کول نے اپنے خطاب میں ادارے کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی دیکھ بھال کی مختلف خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انجینئرنگ کے شعبے میں مختلف پراجیکٹس مکمل ہو چکے ہیں۔
اعلیٰ درجے کے آلات کی خریداری کے علاوہ مریضوں کی دیکھ بھال کی خدمات کو آسان بنانے کے لیے بہت سے انتظامی فیصلے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلیمی سال میں بہت سے سپر اسپیشلٹی کورسز شروع کیے گئے جن میں ڈی ایم پلمونری میڈیسن اور ایم سی ایچ اینڈوکرائن سرجری شامل ہیں۔ ڈین میڈیکل فیکلٹی سکمز کے پروفیسر بشیر اے لاوے نے یونیورسٹی کی تعلیمی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سکمز صورہ پہلی ڈیمڈ یونیورسٹی ہے، جس نے کولوریکٹل سرجری میں این بی ای سے منظور شدہ فیلو شپ شروع کی ہے۔
مزید پڑھیں:
پرنسپل میڈیکل کالج سکمز پروفیسر عرفان ربانی اور پروفیسر بلدیو سنگھ سابق ایچ او ڈی یورولوجی سکمز نے اپنے خطابات میں آرگنائزنگ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور مریضوں کی دیکھ بھال اور تحقیق میں اس کی مثالی خدمات پر سکمز کی تعریف کی۔ تقریب کے آخر پر سالانہ رپورٹ بھی جاری کیا گیا اور گرینڈ راؤنڈ پریزینٹرز کو ان کے بہترین کام اور پریزنٹیشنز پر نوازا گیا۔