سرینگر: پولیس نے سرینگر کے زونی مر علاقے میں پٹاخے پھوڑ کر لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے الزام میں 6 نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار نوجوان ماضی میں پتھر بازی میں بھی ملوث رہے ہیں۔
دراصل گزشتہ روز سرینگر کے زونی مر علاقہ میں گرینیڈ حملہ کی خبر کئی نیشنل میڈیا چنلوں نے چلائی ہے۔ اس خبر کے شائع ہونے کے بعد سرینگر پولیس نے خبر کی وضاحت کرکے بتایا کہ "کچھ غیر ذمہ دار صحافیوں کی طرف سے زونی مر کے علاقے میں گرینیڈ حملے کے بارے میں ایک جعلی خبر پھیلائی جا رہی ہے، یہ مکمل طور پر جعلی خبر ہے اور میڈیا والوں سے گزارش ہے کہ ایسی غیر تصدیق شدہ خبروں کو پھیلانے سے پہلے حکام سے خبروں کی صداقت کی تصدیق کریں۔"
سرینگر پولیس نے بعد میں ایک ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ’سید پورہ – زونی مر علاقے میں رات کے دوران پٹاخے پھوڑ کر لوگوں میں خوف وہراس پھیلانے کے الزام میں 5 شر پسندوں کو گرفتار کیا گیا۔پولیس ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ ’ ان سب کی ماضی میں پتھری بازی میں ملوث رہنے کی بھی ہسٹری ہے،مزید جانچ چل رہی ہے‘۔ پولیس نے مزید ایک اور ٹویٹ میں بتایا کہ پٹاخے پھوڑنے کے الزام میں ایک اور کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس معاملے میں کل تعداد چھ ہوگئی۔