وادی کشمیر میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایک بار پھر کڑاکے کی ٹھنڈ پڑ گئی اور درجہ حرارت میں بہت زیادہ گراوٹ آگئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خشک موسمی صورتحال اور مطلع صاف رہنے کی وجہ سے راتیں بہت زیادہ سرد ترین ثابت ہورہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں درجہ حرارت منفی 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا۔ وہیں سیاحتی مقام گلمرگ میں حرارت منفی 11.4 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا ہے۔
جنوبی کشمیر میں واقع سیاحتی مقام پہلگام میں درجہ حرارت منفی 12.3، کوکرناگ میں منفی 11.4، قاضی گنڈ میں منفی 10.8، کپواڑہ میں منفی 3، اننت ناگ میں منفی 10.8، شوپیاں میں منفی 14.1، بانڈی پورہ میں منفی 1.9، کولگام میں منفی 9.2 اور کولگام میں درجہ حرارت منفی 11.8 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
بالی ووڈ نے پھر سے کیا وادی کا رخ
جمعہ کی صبح سردی کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ سڑکوں پر پانی جم گیا تھا۔ ٹھنڈ کی وجہ سے لوگوں کو گھروں میں ہی محصور رہنا پڑا۔ درجہ حرات کم ہونے کے نتیجے میں ڈل جھیل سمیت دیگر آبی زخائر ایک بار پھر مجمند ہوئے اور صبح کے وقت پانی کے نل بھی مکمل طور پر جم چکے تھے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے اپنی پیش گوئی میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں 31 جنوری تک شدید سردی کی لہر جاری رہے گی اور یکم، 2 اور 3 فروری کو ہلکی برفباری اور بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ 40 روزہ چلہ کلان کا آخری مرحلہ چل رہا ہے اور31 جنوری کو چلہ کلان رخصت ہوجائیگا۔