سرینگر: سمارٹ مشن کے تحت شہر سرینگر میں ریڈی والوں کے لیے علیحدہ جگہ فراہم کی جارہی ہے تاکہ خوانچہ فروشوں کے کاروبار کو تحفظ دیا جائے۔ تاہم ایس سی ایم ایل نے واضح کیا ہے کہ منی بسوں، سومو اور چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کے لیے مستقل بنیاد پر اڈا قائم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
شہر سرینگر میں سڑک کے کنارے 'گلی کوچوں اور دکانوں کے سامنے پٹری والوں اور ریڈی والوں نے جہاں اپنا جال بچھایا ہے جس سے نہ صرف لوگوں کو چلنے پھرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ٹریفک جام کے بدترین مناظر بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ جس کے پیش نظر سمارٹ سٹی مشن کے تحت لال چوک اور اس کے گرد و نواح میں پٹری فروشوں کو علیحدہ مقامات فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کے کاروبار کو تحفظ فراہم کیا جائے اور لوگوں کو بھی ان کی جانب سے چلنے پھرنے میں درپیش مشکلات سے نجات دی جائے اور ٹریفک جام میں سے عوام کو بچایا جاسکے۔
سمارٹ سٹی مشن کے پبلک انفارمیش افسر کے مطابق ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ کے ریڈی والوں کے لیے مگر مل باغ میں الگ زون تیار کیا گیا ہے۔ جہاں پر 150 ریڑی نما دوکانیں تیار کی گئیں ہیں۔ اسی طرح بٹہ مالو اور قمرواری روڈ پر رہنے والے خوانچہ فروشوں کے لئے بٹہ مالو میں علیحدہ جگہ کی نشاندہی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: سرینگر سوچھ سرویکشن میں ملک کے پہلے 10 اضلاع میں شامل: ڈی سی
البتہ سمارٹ سٹی مشن کے تحت منی بسوں اور سومو یا دیگر چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کے لیے مستقل بنیادوں پر اڈا قائم کرنے نہ تو کوئی منصوبہ ہے اور نہ ہی حد اختیار میں ہے۔ ادھر سمارٹ سٹی مشن کے تحت شہر سرینگر کو جاذب نظر، خوبصورت اور ماحول دوست بنانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بنیاد پر شہر میں پارکنگ نظام چلانے اور ان کی دیکھ بھال کا منصوبہ ہاتھ میں لیا گیا۔