ڈاکٹر اصغر حسن ساموں کی صدرات میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس دوران انہوں نے آئی ٹی آئی/ پالی ٹیکنکس میں مشینری اور دیگر سازوسامان کا جائزہ لیا۔
میٹنگ کے دوران ڈاکٹر ساموں نے 'کیپیکس بجٹ' کے تحت ایس ڈی ڈی کے ذریعہ چلائے جانے والے منصوبوں پر فیزیکل اور مالی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔
میٹنگ میں ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی سجاد حسین گنائی، چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں، ڈائریکٹر فائنانس ایس ڈی ڈی، جوائنٹ ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی، جموں ڈویژن کے پالی ٹیکنکس اور آئی ٹی آئی کے پرنسپلز اور محکمہ کے دیگر متعلقہ عہدیدار نے ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعے شرکت کی۔
پرنسپل سکریٹری نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بے روزگاری کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو ہنر مندانہ تربیت فراہم کرنے میں ایس ڈی ڈی کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مطلوبہ صلاحیتوں اور تربیت کی فراہمی کے ذریعہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پوری لگن اور جذبے سے کام کریں تاکہ وہ آج کے تیکنکی دور میں مقابلہ کرسکیں۔
میٹنگ میں پالی ٹیکنک اور آئی ٹی آئی کے مختلف پروجیکٹس بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں جموں گورنمنٹ بوائز پالی ٹیکنک کالج کے ہاسٹل کی تعمیر، اننت ناگ میں گورنمنٹ پالی ٹیکنک کے ہاسٹل کی تعمیر، موٹر میکینک کے لیے ورکشاپ کی تعمیر، آر پورہ میں آئی ٹی آئی، پلمبر ٹریڈ اور آٹو موبائل سروس اسٹیشن کی تعمیر، سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایس ڈی ڈی کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ مختلف پالی ٹیکنک اور آئی ٹی آئی میں جاری پروجیکٹس کی عمل آوری کے لیے فنڈز مہیا کردیئے گئے ہیں۔
پرنسپل سکریٹری نے آئی ٹی آئی پالی ٹیکنک کے پرنسپلز اور سپرنٹنڈنٹس پر زور دیا کہ وہ ضلعی سطح پر پلیسمنٹ ڈرائیو کا اہتمام کریں تاکہ آئی ٹی آئی اور پالی ٹیکنک اداروں سے ڈگری حاصل کرنے والے طلباء کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔