جموں و کشمیر کے تحصیل منڈی کے لورن بلاک میں گذشتہ کئی برسوں سے مڈل اسکول کی عمارت خستہ حالی کا شکارہے-
عمارت کی کئی مرتبہ تعمیر کرا ئی گئی، لیکن حکومت کی بے توجہی کے سبب عمارت کی حالت بدتر ہوچکی ہے۔
اسکول میں زیر تعلیم آٹھ جماعتوں کے قریب 79 طلباء تیز دھوپ اور برسات میں باہر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں-
اس حوالے سے مقامی شخص ممتاز تانترے نے بتایا کہ 'گذشتہ کئی برسوں سے اسکول کی عمارت سیاست کا شکار ہوگئی ہے، تاہم بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے، گزشتہ 3 برسوں سے عمارت درست نہ ہونے سے بچوں کو سخت پریشانیوں سے دوچار ہوناپڑ رہاہے'-
بارش کے دنوں میں آسمان پر بادل آتے ہی چھٹی کردی جاتی ہے اور جب دھوپ ہوتی ہے تو اساتذہ اس تیز دھوپ میں بیٹھ کر بچوں کو تعلیم دیتے ہیں۔
جس کی وجہ سے بچوں میں بیماری عام ہورہی ہے، کئی بار انتظامیہ کو مطلع کرنے کے باوجود بھی اس کی طرف دھیان نہیں دیا جارہاہے-
مزید پڑھیں: عبداللہ باپ بیٹے سے نیشنل کانفرنس کے وفد کی ملاقات
اس دوران اسکول میں زیر تعلیم بچوں سمیت کئی مقامی لوگوں نے بھی گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اسکول کی عمارت کو جلد سے جلد از سر نو تعمیر کرایا جائے، تا کہ بچوں کا مستقبل تاریک ہونے سے بچ سکے۔