سرینگر (جموں و کشمیر) : یونین ٹیریٹری جموں کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کو صاف رکھنے کی ذمہ داری سرینگر مونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کی ہے۔ تاہم ایس ایم سی شہر کی سڑکوں اور دریائے جہلم کے کنارے کوڑا کرکٹ جمع کر رہی ہے جس سے شہر بدحال نظر آرہا ہے۔ ایس ایم سی نے اب شہر میں گاڑیوں کے ذریعے گھر گھر کوڑا کرکٹ جمع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام سے سڑکوں اور ندی نالوں پر کوڑا جمع نہیں ہوگا۔
ایس ایم سی کے ڈپٹی مئیر پرویز قادری نے بتایا کہ کارپوریشن نے اسمارٹ سٹی کے لئے 150 نئی گاڑیاں لائی ہیں جو ہر وارڈ میں جاکر کوڑا کرکٹ جمع کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے کسی بھی وارڈ میں سڑکوں یا گلیوں میں کوڑا کرکٹ جمع نہیں رہے گا کیونکہ گاڑیاں گھروں سے ہی کوڑا کرکٹ لے کر اسکو ایک ہی مقام پر ڈمپ کیا جائے گا۔
شہر سرینگر کی سڑکوں کے کنارے کوڑا کرکٹ جمع کرنے سے سڑکیں اور گلیاں آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں اور عوام کو پیدل چلنے میں کتوں سے خطرہ لاحق رہتا ہے۔ ایس ایم سی کے اس اقدام کا شہری خیر مقدم کر رہے ہیں۔ ایک مقامی شہری نذیر احمد نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کا یہ فیصلہ صحیح ہے کیونکہ لوگ کوڑا کرکٹ سڑکوں یا ندیوں میں پھنک رہے ہیں۔ تاہم دریائے جہلم اور شہر میں دیگر ندی نالوں میں برسوں سے جمع کوڑا کرکٹ ہٹانے پر کارپوریشن نے کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔
مزید پڑھیں: Jhelum Becomes Srinagar Dumping Yard دریائے جہلم کوڈے دان میں تبدیل
شہریوں نے گھر گھر کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے علاوہ جہلم اور دیگر ندی نالوں کی صفائی انجام دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں کی صفائی ناگزیر ہے کیونکہ جہلم اور دیگر آبی ذخائر میں جمع گندگی اور غلاظت سے ان کی رونق ختم ہوگئی ہے جبکہ آلودگی سے بیماریوں نے بھی جنم لیا ہے۔