جموں کشمیر میں پہلی مرتبہ ریئل کشمیر فٹبال کلب کی جانب سے سرینگر کے ٹی آر سی گراؤنڈ میں ریئل کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز کیا گیا، جس میں ملک سے اٹھارہ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
آج کھیلے گئے پہلے میچ میں جے کے ایس پی ڈی سی کی ٹیم نے ایف اینڈ ایس ٹیم کو صفر کے مقابلے چار گول سے شکست دی، میچ کی شروعات اچھی نہیں رہی لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا گیا کھلاڑیوں کے کھیل میں بھی بہتری آتی گئی۔
میچ کے پہلے ہاف میں جے کے ایس پی ڈی سی کے لیے شفقت رفیق نے ایک کے بعد ایک تین گول کر دیے، وہیں فوڈ اینڈ سپلائیز کی ٹیم اپنا کھاتہ کھولنے کے لیے کوشش کرتی رہی، دوسرے ہاف میں طالب گلزار نے چوتھا گول کرکے اپنی ٹیم کی جیت پر مہر لگا دی۔
میچ کے دوران فاتح ٹیم کے شفقت رفیق نے تین گول کیے اور جس کے لیے انہیں مین آف دی میچ کے خطاب سے بھی نوازا گیا۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے جے کے ایس پی ڈی سی کے کوچ اور وادی کشمیر کے معروف کھلاڑی مجید کقرو نے کہا کہ "سامنے والی ٹیم تجربہ کار ہے لیکن ہماری ٹیم کے کھلاڑی نوجوان ہیں، ان سے کافی غلطیاں ہوئیں، بڑے میچز میں ایسی غلطیاں برداشت نہیں کی جاتی، ابھی سیکھ رہے ہیں اور آپ دیکھنا کہ آگے چل کر اسی ٹیم میں سے بہت بڑے کھلاڑی نکلیں گے۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ "ہمارے پاس کھیلنے کے لیے جوتے نہیں ہوا کرتے تھے اور آج کھلاڑیوں کو میں ہمیشہ یہ بتاتا ہوں کہ کس طریقے سے محنت کرنی ہے، کامیابی کا کوئی چھوٹا راستہ نہیں ہے۔" انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ریئل کشمیر فٹبال کلب اور فٹ بال ایسوسی ایشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
فاتح ٹیم کے کپتان یاسر طارق کا کہنا تھا کہ "ہم سے کافی غلطیاں ہوئیں جو نہیں ہونی چاہیے تھیں، آئندہ میچوں میں ہماری کارکردگی بہتر ہوگی۔"