سرینگر: محکمۂ موسمیات کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران اوسط سے کم بارش کے بعد جموں و کشمیر اور لداخ میں اپریل میں اوسط سے زیادہ بارش درج کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے سرینگر سینٹرکے مطابق مرکز کے زیر انتظام خطوں - جموں و کشمیر اور لداخ - میں اپریل میں اوسطاً 113 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے جو کہ 99.5 ملی میٹر معمول کے مقابلے میں 13 فیصد زائد ہے۔
محکمۂ موسمیات سرینگر سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا: ’’تین ماہ میں بارش کی کمی کے بعد اپریل کے مہینے میں 112.9 ملی میٹر کی معمول سے کچھ زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’مارچ اور اپریل کے مہینے میں عام طور پر خطے میں سب سے زیادہ بارش ہوتی ہے۔ سنہ 2017 میں یہاں گزشتہ 15 برسوں کے دوران اپریل ماہ میں سب سے زیادہ بارش ہوئی تھی۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اپریل میں گزشتہ برس بھی معمول کی بارش درج کی گئی تھی۔ لیکن دیگر مہینوں میں موسمی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تھا۔ ‘‘
اس ماہ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی درج کی گئی۔ رواں ماہ گلمرگ میں 16.4 سینٹی میٹر برف درج کی گئی ہے۔ کچھ اضلاع میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی جب کہ جموں کے دو اضلاع میں 45 سے 85 فیصد تک بارش کی کمی دیکھی گئی۔ شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں ایک ماہ میں 163.5 ملی میٹر بارش ہوئی جو 127 فیصد اضافہ زائد ہے۔ شمالی کشمیر کے ایک اور ضلع بارہمولہ میں 212.6 ملی میٹر بارش کی اطلاع موصول ہوئی ہے جو معمول سے 87 فیصد زائد ہے۔ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں 165 ملی میٹر کے ساتھ بارش میں 76 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
جموں ڈویژن کے سانبہ ضلع میں 46 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو اوسط سے 86 فیصد زیادہ ہے۔ جموں صوبہ میں سب سے زیادہ بارش پونچھ ضلع میں 169 ملی میٹر ہوئی، اس کے بعد ڈوڈہ میں 154 ملی میٹر بارش ہوئی۔ لداخ یونین ٹیریٹری کے کرگل ضلع میں 25.6 ملی میٹر بارش ہوئی جو معمول کی 2.8 ملی میٹر کے مقابلے میں 814 فیصد زیادہ ہے۔
مختار احمد نے مزید کہا کہ معمول سے تھوڑی زیادہ بارش کے سبب زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ کا باعث بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا: ’’ بارش کی کمی کا خمیازہ سب سے زیادہ ہمارے کسانوں کو بھگتنا پڑتا ہے انہیں ہی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حالانکہ امسال بھی (گزشتہ) چند مہینوں میں کم بارش درج کی گی ہے۔‘‘ جموں و کشمیر میں جنوری اور فروری (موسم سرما) کے دوران بارش اور برف باری میں 22 فیصد کمی دیکھی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: Rains Lash Kashmir Valley: کشمیر میں تیز بارشیں، سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب
دریں اثنا، منگل کے روز جموں و کشمیر کے بعض حصوں میں بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے دن کا درجۂ حرارت اوسط سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق سرینگر میں 3.4 ملی میٹر، پہلگام میں 6.1 ملی میٹر، کوکرناگ میں 6.1 ملی میٹر اور گلمرگ میں 7.4 ملی میٹر بارش ہوئی، جب کہ جموں شہر میں 9.7 ملی میٹر، بٹوٹ میں 6.2 ملی میٹر، اور بھدرواہ میں 4.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔
جہاں وادیٔ کشمیر میں، سری نگر ضلع میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 19.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 2.5 ڈگری کم ہے، وہیں جموں شہر میں دن کا درجۂ حرارت 22.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو کہ معمول سے 12.9 ڈگری کم ہے۔ محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 4 سے 6 مئی کے درمیان موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور دوپہر یا شام کے اوقات میں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔