لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ جموں و کشمیر کے عوام سے خطاب کیا جس میں انہوں نے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے کووڈ وبا کے خلاف جنگ میں عوامی شراکت داری پر زور دیا۔
اپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے منتخب پی آر آئی کے نمائندوں، اساتذہ، آشا ورکروں، آنگن واڑی، اے این ایم کارکنوں اور رضاکار تنظیموں پر زور دیا کہ وہ دیہی علاقوں میں کووڈ سے بچاؤ کے اقدامات کو موثر بنانے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر انتظامیہ نے لوگوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہر پنچایت میں ایک آکسیجن سے معاون بیڈ سمیت 5 بستروں پر مشتمل کوڈ سینٹر قائم کرنے کا آغاز کیا ہے۔
موصوف نے کہا کہ 'میں تمام ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی چیئرپرسنز، ممبران، سرپنچ اور پنچوں سے حکومتی پہل میں تعاون کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔'
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ 'ہم دیہی علاقوں میں کام کرنے والے تمام منتخب پنچایت نمائندوں، اساتذہ، آشا، آنگن واڑی، اے این ایم کارکنوں، ویلج ہیلتھ کمیٹیوں اور رضاکارانہ تنظیموں کی فعال شرکت کے ذریعہ اس عالمی وبائی کے چیلنج سے مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔'
منوج سنہا نے کہا کووڈ کیئر مراکز، صحت کی ضروری سہولیات سے آراستہ ہوں گے، ہر ایک سینٹر کے پاس فوری طور پر مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ایک آکسیجن سپورٹ بیڈ موجود ہوگا۔ ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹر کی مستقل مشاورت موجود ہے۔اس کے علاوہ لوگوں کے لئے ٹیلی میڈیسن سہولیات کو بھی آپریشنل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا 'صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے۔ ہم جموں و کشیر میں ویکسینیشن مہم کو تیز کررہے ہیں۔ آج تک کل ہدف کی گئی آبادی میں سے 63 فیصد کو ٹکہ لگایا گیا ہے۔ جموں و کشمیر ملک کے بہت سی ریاستوں سے ٹکہ کاری مہم میں آگے ہے۔'
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ 'میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ جانچ اور ویکسینیشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'کووڈ مثبت مریضوں یا جن لوگوں میں ایسی علامات ہیں انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہیں فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ ورکرز اور ڈاکٹروں سے رابطہ کرنا چاہئے۔'
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ 'باہمی تعاون کی کاوشوں کے ساتھ مجھے یقین ہے کہ ہم اس بحران پر قابو پالیں گے اور جموں و کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندی پر لے جائیں گے۔'