امپھال: منی پور میں جاری تشدد کے درمیان، پولیس نے اتوار کو امپھال کے دونوں اضلاع میں اگلے احکامات تک کرفیو نافذ کر دیا۔ یہ کرفیو چھ افراد کی ہلاکت کے بعد پھوٹنے والے تشدد کے پیش نظر لگایا گیا۔ صورت حال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے کئی اضلاع میں انٹرنیٹ پر بھی پابندی لگا دی ہے۔
حال ہی میں کشیدہ صورت حال کے پیش نظر حکام نے امپھال ویسٹ اور امپھال ایسٹ میں کرفیو نافذ کر دیا۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت کم دیکھی جا سکتی ہے اور اضافی سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ کی رہائش گاہ اور راج بھون کے باہر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
دریں اثنا، منی پور پولیس نے مبینہ طور پر 'گھروں میں توڑ پھوڑ اور آگ لگانے' کے الزام میں 23 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان کے پاس سے اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ان لوگوں کو امپھال ایسٹ، امپھال ویسٹ اور بشنو پور اضلاع سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے علاوہ پولیس افسران نے ان سے ایک 32 پستول، SBBL گولیوں کے سات راؤنڈ اور آٹھ موبائل فون برآمد کیے۔
ریاست میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بیچ حکومت نے اگلے احکامات تک امپھال میں مکمل کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ اس کے بعد حکومت نے فوری طور پر دو دن کے لیے انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا سروسز کو معطل کر دیا۔ گذشتہ سال تین مئی کو منی پور میں آل ٹرائبل اسٹوڈنٹس یونین (اے ٹی ایس یو) کی جانب سے میتی کمیونٹی کو شیڈول ٹرائب کے زمرے میں شامل کرنے کے مطالبے پر نکالی گئی ریلی میں جھڑپوں کے بعد تشدد پھوٹ پڑا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: منی پور کے 5 اضلاع میں دوبارہ افسپا نافذ، وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کیا
دریں اثنا، ناگالینڈ پردیش کانگریس کمیٹی (این پی سی سی) نے منی پور میں جاری تشدد کی مذمت کرتے ہوئے بدامنی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ مذاکرات، مفاہمت اور امن کے لیے کوششوں کو ترجیح دیں۔ کہا گیا کہ یہ صورت حال شمال مشرقی خطے کی ہم آہنگی اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ کمیٹی نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ امن و امان کی بحالی کے لیے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے۔
جاری کردہ بیان میں، این پی سی سی نے حکومت ہند سے امن و امان بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ حکومت پر زور دیا کہ وہ بے گھر خاندانوں سمیت متاثرہ افراد کو مناسب امداد فراہم کرے۔ کمیٹی نے مختلف برادریوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ این پی سی سی نے منی پور کے لوگوں سے تشدد سے باز رہنے اور اتحاد اور امن کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھیں:
منی پور تشدد: این پی پی نے بی جے پی زیرقیادت حکومت سے حمایت واپس لے لی