جموں و کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ریاست گجرات کے دارالحکومت احمدآباد میں جموں و کشمیر پلگریمس اینڈ لیزر ٹورزم کی جانب سے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر پلگریمس اینڈ لیزر ٹور آپریٹرس فورم کے رکن ناشر شاہ نے کہا کہ کشمیری سیاحت کے لیے گجرات سب سے اہم ریاست ہے، کیونکہ سب سے زیادہ گجرات سے ہی سیاح جموں و کشمیر آتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے بعد دوبارہ تمام سیاحت کے مراکز پر کورونا کی گائیڈ لائن پر عمل بھی کیا جارہا ہے، تین ماہ سے جموں و کشمیر کے تمام سیاحتی مراکز کو کھول دیا گیا ہے، جس کے بعد سب سے زیادہ گجرات کے سیاح کشمیر پہنچ رہے ہیں۔
ناشر شاہ نے غلام نبی آزاد اور وزیراعظم نریندر مودی کے گزشتہ ماہ ایوان میں الوداعی تقریر کے بارے میں کہا کہ یہ ایک سیاسی اور جذباتی تقریر تھی، جو کہ بہت سالوں پرانا معاملہ ہے، اب وہاں تمام لوگ محفوظ ہیں اور زیادہ سے زیادہ لوگ کشمیر میں سیر و تفریح کی غرض سے جا رہے ہیں۔
وہیں جموں و کشمیر پلگریمس اینڈ لیسر ٹور آپریٹرس فورم کے چیئرمین شوکت احمد پختون نے کہا کہ گجرات ایک ایسی جگہ ہے جہاں سے سب سے زیادہ سیاح جموں کشمیر کی سیر کرنے آتے ہیں، یہاں سے کشمیر کا قدیم رشتہ ہے۔
انہوں نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے تعلق سے کہا کہ اس کی وجہ سے سیاحت کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، اس کے بعد کورونا وائرس سے نافذ لاک ڈاؤن سے پورا ملک متاثر ہوا، ہمیں بھی کافی نقصان ہوا، لیکن اب تین ماہ سے سیاحت کا معاملہ بہتر ہوا ہے، جس کیو وجہ سے بڑی تعداد میں سیاح جموں کشمیر پہنچ رہے ہیں جو ہمارے لیے کافی خوشی کی بات ہے۔