سری نگر: بلدیاتی اور پنچایتی چناوکے پیش نظر وادی میں سیاسی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں۔ انتخابی میدان میں اپنے حریفوں کو پچھاڑنے کے لئے ووٹروں کااعتماد حاصل کرنے کی خاطر ممکنہ امیدواروں کی جانب گھر گھر جانے کے علاوہ میٹنگوں اور جلسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے جب کہ یو ٹی انتظامیہ کی اور سے ان انتخابات کو احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی اور پنچایتی چناو کے سلسلے میں جموں و کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں شروع کی ہیں، جہاں بی جے پی کی جانب سے مختلف اضلاع میں عوامی رابط مہم کے ساتھ ساتھ جلسے کیے جارہے ہیں، وہیں مقامی پارٹیوں کی جانب سے اب لوگوں کے ساتھ قریبی تعلقات بنائے رکھنے کی خاطر میٹنگوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے سلسلے میں حکمت عملی تیار کرنے کے لئے پہلے ہی بات چیت کا آغاز کیا ہے۔
بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ نے یوٹی بھر میں جلسے منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور رواں ہفتے ہی وزیر داخلہ امیت شاہ جموں کے دورے پر پہنچ رہے ہیں جہاں پر وہ ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ بی جے پی نے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے لئے تیاریاں بڑے پیمانے پر شروع کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کی خاطر بی جے پی لیڈروں کو کام سونپاگیا ہے تاکہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی کامیابی کے جھنڈے گارڈ سکے۔
بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے ہفتے کے روز سری نگر میں ایک بڑے عوامی جلسے کے دوران بتایا کہ بی جے پی کسی بھی الیکشن کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتی اوربلدیاتی چناو کے ساتھ ساتھ ہم اسمبلی الیکشن کے لئے بھی تیار ہے۔ دریں اثنا دیگر جماعتیں بھی جموں وکشمیر میں موجودہ سیاسی منظر نامے پر میٹنگ کر رہی ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں امسال بلدیاتی اور پنچایتی چناو ہونے ہے جس کے پیش نظر حکومتی سطح پر بھی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں۔ جموں و کشمیر میں امسال کے آخر پر پنچایتی اور بلدیاتی چناو کرانے کا قوی امکان ہے جبکہ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے ابھی بھی تذبذب برقرار ہے۔
یو این آئی