سرینگر: سرینگر پولیس نے بمنہ علاقے میں شادی شدہ خاتون کے قتل کیس کو پانچ دنوں کے اندر اندر حل کرکے چار ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 17اکتوبر 2023کو پولیس اسٹیشن بمنہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ دربل بمنہ میں ایک خاتون کی لاش پُر اسرار حالت میں برآمد کی گئی۔پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لیکر اس کی شناخت تنویرا زوجہ شوکت احمد کالو ساکن نند ریش کالونی کے بطور ہوئی۔
پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 101/2023زیر دفعہ 302آئی پی سی کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ ایس ڈی پی او ویسٹ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے تحقیقات شروع کی جس دوران پتہ چلا کہ 16 اکتوبر کو ویسٹ اینڈ کالونی حیدر پورہ میں خاتون کا قتل کیا گیا اور بعد ازاں اس کی لاش کو حیدر پورہ سے دربل بمنہ پہنچایا گیا، تاکہ تحقیقاتی ایجنسی کا دھیان دوسری اور بھٹکایا جا سکے۔
مزید پڑھیں:تین روز سے لاپتہ شہری کی لاش برآمد
انہوں نے بتایا کہ ٹیکنیکل ثبوت و شواہد اور مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کے دوران چار افراد جن کی شناخت عابینہ پرویز زوجہ پرویز احمد شاہ ساکن ویسٹ اینڈ کالونی حیدر پورہ ، کمسن لڑکی، غلام محمد آہنگر ولد مرحوم حاجی غلام حسن آہنگر ساکن خوشی پورہ ایچ ایم ٹی حال گلپوش اپارٹمنٹ بمنہ اور جالہ زوجہ غلام محمد آہنگر ساکن خوشی پورہ ایچ ایم ٹی حال گلپوش اپارٹمنٹ بمنہ کے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
(یو این آئی)