سرینگر: مزکری وزیر داخلہ امت شاہ جموں کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اس حوالے سے سرینگر میں پی ڈی پی ترجمان اقبال ترمبو نے کہا کہ جموں کشمیر میں عام لوگ راشن کی کمی اور بجلی کی کٹوتی سے مشکلات سے دوچار ہیں لیکن المیہ یہ ہے کہ بی جے پی لیڈران اور انتظامیہ ان عوامی مسائل سے وزیر داخلہ کو آگاہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی بی جے پی لیڈران اور انتظامیہ نے مرکزی حکومت اور جموں کشمیر کے درمیان ایک دیوار کھڑی کی ہوئی ہے، جس سے حکومت تک یہاں کے عوامی مسائل نہیں پہنچ پارہے ہیں۔
غور طلب ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ آج سے جموں کشمیر کا دو روزہ دورہ پر ہیں۔ آج انہوں نے جموں میں بی جے پی کی ریلی سے خطاب کیا اور کچھ تعمیراتی کاموں کا افتتاح کیا۔ امت شاہ آج سرینگر کے راج بھون میں کئی تعمیراتی پروجیکٹز کا افتتاح کریں گے جبکہ کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں تمدنی فیسٹیول میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
وہیں کل امت شاہ سرینگر میں امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کا جائزہ بھی لیں گے جبکہ لالچوک کے پرتاپ پارک میں جن سنگ کے رہنما شیامہ پرساد مکھرجی کے نام سے "بلیدان ستمبھ" کی بنیاد رکھیں گے۔ اقبال ترمبو نے کہا کہ امت شاہ کو کشمیر کے عوامی مسائل کا بھی جائزہ لینا چاہئے اور ان کے مشکلات کا ازالہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت بالخصوص پی ڈی پی نے یہاں عوام کے لئے اضافی راشن دستیاب رکھا تھا لیکن موجودہ انتظامیہ نے اس میں شدید کٹوتی کی ہے، جس سے لوگوں کو پیشانیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے دوران بجلی کٹوتی سے جموں اور کشمیر کے دونوں صوبوں میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔