سرینگر:صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے کہا کہ یوم آزادی کے موقعے پر وادی کشمیر میں کسی قسم کی پابندی نہیں ہوگی جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی آسانی سے کام کریں گے۔ہفتے کو روز میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا کہ یوم آزادی کے پرُ امن انعقاد کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر میں سب سے بڑی تقریب کے مقام کو جگہ کی کمی کے پیش نظر ایس کے اسٹیڈیم سے تاریخی بخشی اسٹیڈیم میں تبدیل کیا گیا یے،کیونکہ رواں سال انتظامیہ کو اس تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی توقع ہے۔
وجے کمار بدھوری نے لوگوں کو اتوار کی صبح 6 بجے بوٹنیکل گارڈن سے ترنگا ریلی میں شرکت کی دعوت دی, جبکہ 15 اگست ہونے والی مرکزی تقریب میں بھی شرکت کی اپیل کی۔ایسے میں کسی بھی پاس کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی اور سب کے لیے کھلی دعوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر صوبے میں 77ویں یوم آزادی کی تقریبات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:Independence Day Preparations یوم آزادی کی بڑی تقریب کیلئے سرینگر کا بخشی اسٹیڈیم تیار
یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر گرمائی دارالحکومت سرینگر میں فورسز کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے۔لال چوک سمیت شہر کے حساس مقامات پر سکیورٹی فورسز کی بھاری تعداد عمل میں لائی گئی ہے۔ لال چوک میں جگہ جگہ پر گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے،وہیں مشکوک افراد کی جامہ تلاشی کے علاوہ شناختی کارڈ بھی چیک کئے جارہے ہیں۔