اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر کے شہریوں کے لیے ویزا پالیسی میں تبدیلی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'پاکستان جموں و کشمیر کے رہائشیوں کی سہولت کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اور حقیقی درخواست گزاروں کو فوری ویزے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے'۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن پالیسی کے مطابق ویزوں کا اجراء جاری رکھے ہوئے ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ویزوں کی منسوخی کے معاملے میں کشمیر میں 5 اگست کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کو مد نظر رکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی بڑھ گئی۔ پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کو گھٹایا اور بھارتی ہائی کمشنر کو بھی واپس بھیج دیا ہے۔