سرینگر: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ممنوعہ عسکری تنظیم لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) سے وابستہ باسط احمد ڈار کو اشتہاری قرار دے کر اس کا سراغ دینے والے شخص کو دس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ ایجنسی سے اشتہار جاری کرتے ہوئے باسط کا پتہ دینے والے کو نہ صرف انعام کا وعدہ کیا ہے بلکہ اس کی شناخت مخفی رکھے جانے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ باسط احمد ڈار جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے ریڈونی پائین علاقے کا رہائشی ہے۔
این آئی اے نے اشتہار کے ذریعے کہا ہے کہ ’’باسط احمد ڈار کے بارے میں جو بھی اطلاع فراہم کرے گا اس کو بطور انعام دس لاکھ روپیہ دئے جائیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’’پتہ دینے والے کا نام صغیہ راز میں رکھا جائے گا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ باسط احمد ڈار سیکورٹی ایجنسیز کو متعدد کیسوں میں انتہائی مطلوب ہے اور اس کی بڑے پیمانے پر تلاش بھی جاری ہے۔ باسط ڈار (RC-32/2021/NIA/DLI) معاملے میں ایجنس کو مطلوب ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے کئی بار دعویٰ کیا ہے کہ باسط ڈار وادی کشمیر میں گزشتہ برس پیش آئی شہری ہلاکتوں کے علاوہ دیگر عسکری کارروائیوں کے لیے بھی ذمہ دار ہے۔ پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ ’’عسکری صفوں میں شامل ہونے کے بعد ڈار ٹی آر ایف کے کمانڈر عباس شیخ کے فرمان اور ہدایت پر عمل کرتا تھا تاہم شیخ کی ہلاکت کے بعد ڈار خود ٹی آر ایف کا کمانڈر بن گیا۔‘‘
مزید پڑھیں: TRF Declared Terrorist Organization حکومت نے ٹی آر ایف کو "دہشت گرد" تنظیم قرار دیا
یاد رہے کہ سنہ 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد وادی کشمیر میں کئی عسکری تنظیمیں معرض وکود میں آئیں اُن میں سے ایک ٹی آر ایف بھی شامل ہے۔ تاہم پولیس کا ماننا ہے کہ ’’ٹی آر ایف اور لشکر طیبہ میں کوئی فرق نہیں ہے، صرف نام بدلا ہے۔‘‘