نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بارہویں جماعت کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلباء خاص کر طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مواقع فراہم کیے جانے پر خواتین مختلف شعبے میں بھی سبقت لے جا سکتی ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے صدر و نائب صدر کا خواتین کے لیے یہ پیغام اس وقت آیا ہے جب پیر کے روز دنیا بھر میں عالمی یوم خواتین منایا جا رہا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے بارہویں جماعت کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلبا خاص کر طالبات کو مبارک باد پیش کیا ہے۔
باپ بیٹے نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ بارہویں جماعت کے امتحانات میں طالبات کی بہترین کارکردگی سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ اگر خواتین کو موقع فراہم کیا جائے گا تو وہ ہر میدان میں سبقت لے جا سکتی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر اسٹیٹ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے پیر کے روز بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان کیا، جن میں لڑکیوں نے ایک بار پھر بازی مار کر پہلی تین پوزیشنوں پر قبضہ برقرار رکھا ہے۔
یو این آئی