جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں آج قومی یوم رائے دہندگان منایا گیا۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ نے ضلع پلوامہ کے سبھی محکموں کے سربراہاں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کووِڈ ضوابط کے تحت الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری ہدایات کی سختی سے تعمیل کریں۔
اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے کہاکہ انتخابی عمل میں لوگوں خاص طور پر نئے نوجوان ووٹروں میں بیداری کو فروغ دینے کے لیے، الیکشن کمیشن نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسکولوں اور تعلیمی اداروں کو ضروری ہدایات جاری کریں کہ وہ جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے لیے قومی ووٹروں کا دن منانے کا اہتمام کریں۔'
بتادیں کہ 25 جنوری سنہ 1950 کو الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) کی تشکیل ہوئی تھی۔ اسی دن کی مناسبت سے قومی یوم رائے دہندگان کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ قومی یوم رائے پہلی بار سنہ 2011 میں منایا گیا تھا۔ تبھی سے اس کا اہتمام کیا جانے لگا ہے۔ اسے اہتمام کرنے کا مقصد نوجوان ووٹرز کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دینا ہے۔ National Voters’ Day observed on 25 January رواں برس 12ویں قومی یوم رائے دہندگان 12th National Voters Day پورے جوش و خروش کے ساتھ وادی کشمیر سمیت پورے ملک میں منایا جا رہا ہے۔
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں بھی نئے ووٹروں کو ووٹ ڈالنے اور قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ضلع الیکشن آفس بارہمولہ میں 12ویں قومی یوم رائے دہندگان کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ایک عظیم الشان تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔
ڈوڈہ پولیس لائن میں بھی یوم رائے دہندگان کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران ایس ایس پی ڈوڈہ کے ہمراہ ایس پی ہیڈکوارٹر ڈوڈہ ماسٹر پوپسی، ایس پی اوپریشن راج کمار، ڈپٹی ایس پی ڈی اے آر شوکت اعلی، ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر جسونت سنگھ تا دیگر پولیس آفیسران موجود رہے۔
کشتواڑ کے ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں بھی آج 12واں قومی یوم رائے دہندگان منایا گیا۔
نیشنل ووٹرس ڈے کے موقع پر ڈی سی آفس اننت ناگ میں بھی ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈی سی اننت ناگ و ضلع الیکشن افسر ڈاکٹر پیوش سنگلا نے کی۔ تقریب کے دوران ووٹ کی اہمیت اور جمہوری قدروں کو بلند رکھنے میں انتخابات کے رول پر روشنی ڈالی گئی۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھی آج قومی یوم رائے دہندگان کا اہمتام کیا گیا۔ اس سلسلے میں بڈگام پولیس نے ضلع پولیس ہیڈکواٹر بڈگام میں ایک پروقار تقریب میں پولیس افسران اور جوانوں کو حلف دلایا گیا۔
قومی یوم حق رائے دہندگان کے موقع پر منی سکریٹریٹ کولگام میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں ضلع الیکشن آفیسر ڈاکٹر بلال محی الدین، کونسل چیرمین محمد افضل پرے، الیکشن آفیسر محمد عمران خان کے علاوہ دیگر افسران اور عملہ موجود رہے۔