سرینگر: جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام سات محرم (بدھ) کو وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں جلوس عزا برآمد کیے گئے۔ شیعہ تنظیم کے زیر اہتمام گرمائی دارالحکومت سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں بھی جلوس عزا برآمد کیا گیا۔ جلوس عزا تنظیم کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں حسب روایت سرینگر کے اندرون کاٹھی دروازہ سے برآمد ہو کر قدیم امام باڑہ، حسن آباد میں اختتام ہوا۔ جلوس میں سینکڑوں عزاداروں نے شرکت کی۔
ڈاؤن ٹاؤن سرینگر کے کاٹھی دروازہ میں جلوس علم شریف کئی دہائیوں سے برآمد ہوتا آ رہا ہے جس کی ابتدا بانی انجمن شرعی شیعیان آغا سید یوسف الموسوی الصفوی نے کی تھی۔ ساتھ محرم کو جن مقامات پر علم شریف اور جلوس عزا برآمد ہوئے ان میں پاٹوا وبڈگام، کری پورہ بڈگام، وتہ ماگام بیروہ، آستان پورہ چھترگام، آستان شریف بابا حیدر علی چاڑورہ، اندرون کاٹھی دروازہ حسن آباد سرینگر، شالیمار، کرالہ پورہ جڈی بل قابل ذکر ہیں۔
واضح رہے کہ شیعہ مکتبہ فکر سے وابستہ افراد کی جانب سے محرم کے ابتدائی عشرہ میں جلوس عزا برآمد کیے جاتے ہیں جبکہ اس موقع پر امام بارگاہوں میں مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی بھی انجام دی جاتی ہے۔ اس موقع پر امام بارگاہوں میں مختلف پروگرامز بھی منعقد کیے جاتے ہیں جن میں مقررین فلسفہ کربلا پر روشنی ڈالتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے جگہ جگہ سبیلیں بھی قائم کی جاتی ہیں جہاں عزاداروں سمیت راہگیروں کو بھی پانی اور مشروبات فراہم کی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں: Sabeels during muharram: شہداء کربلا کی یاد میں جگہ جگہ سبیل کا اہتمام
ادھر، کشمیر کی صوبائی انتظامیہ نے تین دہائیوں سے بھی زائد عرصہ کے وقفے کے بعد آٹھ محرم (جمعرات) کو شہید گنج سے ڈلگیٹ تک روایتی جلوس عزا برآمد کرنے کی اجازت دی ہے تاہم انتظامیہ نے صبح 6سے آٹھ بجے تک ہی جلوس برآمد کرنے کی تلقین کی ہے۔