سرینگر: جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل نے زیارت شریف حضرت مخدوم صاحبؒ کے امام الحاج پیر علی محمد مخدومی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔تنظیم نے اپنی سربراہ میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق جو کہ گزشتہ چار برسوں سے مسلسل نظر بند ہے کی جانب سے بھی مرحوم پیر علی محمد مخدومی کو ان کے دینی اور علمی خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا پیش کیا۔
میر واعظ نے مخدومی خاندان کے جملہ لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ مرحوم کی مغفرت کرکے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقامات سے نوازیں اور پسماندگان کو صبر وجمیل عطا فرمائے ۔واضح رہے کہ مسجد حضرت شیخ حمزہ مخدوم صاحبؒ کے مرکزی امام پیرزادہ حاجی علی محمد مخدومی پیر کی سپہر اپنی رہائش گاہ واقع سرینگر میں آخری سانس لی۔ وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔
مزید پڑھیں: مسجد مخدوم صاحبؒ کے مرکزی امام انتقال کرگئے
مرحوم روحانیت،حکمت اور ہمدردی کے مینار تھے۔انہوں نے مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان اتحاد، افہام و تفہیم، آپسی میل میلاپ اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ ایسے میں ان کی ساتھ لا تعداد افراد کی وابستگی رہی ہے اور انہیں لوگ عزت و احترام کی نگاہوں سے دیکھتے تھے۔
مرحوم نے زندگی بھر دین اسلام کی خدمت کی ہے اور متعدد افراد نے ان کی رہبری اور رہنمائی میں اسلامی تعلیمات حاصل کی ہے جبکہ مرحوم انسانی ہمدردی سے سرشار تھے۔