سری نگر: محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں ابرآلود موسم اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ مرکز کے زیر انتظام خطے (یو ٹی) میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران رک رک کر بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے محکمے نے کسانوں سے اگلے دو دنوں کے دوران فصل کٹائی سے اجتناب کرنے کی صلاح دی ہے۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27 اگست کو بھی موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش جب کہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری بھی متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں جموں و کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کسانوں سے کہا کہ بارش اور برف باری کے پیش نظر وہ اگلے دودنوں کے دوران فصل کٹائی سے اجتناب کریں کیونکہ بارشوں سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ایجنسی: یو این آئی