جموں و کشمیر میں کئی میڈیا انجمنوں نے سوشل میڈیا پر مختلف ذرائع ابلاغ کے اداروں کے ساتھ کام کرنے والے صحافیوں اور نامہ نگاروں کے خلاف کئے جا رہے ’پروپیگنڈہ‘ پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا انجمنوں کی جانب سے جاری کئے گئے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ایسی کوششیں کسی سازش کے تحت انجام دی جاتی ہیں اور ان کا مقصد کشمیر میں میڈیا کی شبیہ کو زک پہنچانا ہے۔‘‘
میڈیا انجمنوں کی جانب سے جاری کئے گئے اس مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وادی میں صحافیوں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنا اور اس طرح ان کے خلاف غلط افواہیں پھیلانا ایک معمول بن چکا ہے جس کو بے نقاب کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ اس طرح مختلف میڈیا اداروں کے ساتھ وابستہ نامہ نگاروں کے خلاف افواہیں پھیلانے کی دانستہ کوششیں انجام دی جارہی ہیں جبکہ وادی میں صحافی برسوں سے مشکل حالات میں کام کرتے آئے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ غیر جانبدارانہ طور اپنے فرائض انجام دیے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ وقتا فوقتا صحافی، خاص طور پر جو لوگ زمینی سطح پر رپورٹنگ کرتے ہیں، کو کافی مسائل اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آج تک کئی صحافی اپنا فریضہ انجام دیتے ہوئے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ تاہم ان مشکلات کے باوجود ’’بغیر کسی ثبوت کے سوشل میڈیا پر صحافیوں کے خلاف افواہیں پھیلانے اور انہیں بدنام کرنے کی ایسی کوششیں افسوسناک ہیں جن کا مقصد وادی میں میڈیا کی شبیہ کو تباہ کرنا ہے۔‘‘
میڈیا انجمنوں کے مطابق ’’جموں و کشمیر میں تنازع کے نشیب و فراز کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی حرکات سے صحافیوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔‘‘
میڈیا انجمنوں نے کشمیر میں میڈیا کے خلاف یہ پروپیگنڈا بند ہو ہونے کی امید کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیر میڈیا ان عناصر کی سازشوں کو شکست دینے کے لئے متحد ہے۔
یہ بیان مندرجہ ذیل میڈیا انجمنوں کی جانب سے جاری کیا گیا ہے:
کشمیر نیشنل ٹیلی ویژن جرنلسٹس ایسوسی ایشن
کشمیر ایڈیٹرز گلڈ
کشمیر پریس کلب
کشمیر ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن
کشمیر ویڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن
جرنلسٹ فیڈریشن آف کشمیر
کشمیر فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن