سرینگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کی صبح پولیس کے یاد گاری دن کے موقع پر سرینگر کے مضافاتی علاقہ زیون میں واقع آرمڈ پولیس کمپلیکس میں قوم کے لئے قربانیاں پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سنہا نے سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ’’آج زیون میں واقع آرمڈ پولیس کمپلیکس میں شہید پولیس اہلکاروں کوخراج عقیدت پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔‘‘
اس موقع پر منوج سنہا نے کہا کہ ’’قوم اپنے پولیس اہلکاروں کی بہادری، ہمت اور عظیم قربانیوں کی ہمیشہ مرہون منت رہے گی جنہوں نے دوران ڈیوٹی اپنی زندگیاں نچھاور کیں۔‘‘ یاد رہے کہ بھارت بھر میں پولیس یادگاری دن کے موقع پر سبھی ریاستوں، مرکزی زیر انتظام خطوں میں تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور اس دوران شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: Police Commemoration Day ملک کی سلامتی میں پولیس کا غیر معمولی کردار
سرینگر کے زیون علاقے میں منعقدہ تقریب کے دوران پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ ایل جی کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ آر کے گوئل، جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ سمیت پولیس اور سیول انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
یو این آئی