محرم الحرام کے 9 ویں روز عزاداروں نے سرینگر شہر کے کچھ حصوں کے اندرونی علاقوں میں جلوس نکالنے کی کوشش کی۔
بمنہ سرینگر کے علاقے ہمدانیہ کالونی میں پولیس نے عزاداروں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ 100 سے زائد عزادار گاری پورہ بمنہ میں جمع ہوئے اور خمینی چوک کی طرف جلوس نکالنے کی کوشش کی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے جس کے دوران متعدد عزادار زخمی ہوئے۔
ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پولیس نے پہلے تو تحمل کا مظاہرہ کیا اور بھیڑ کو وہاں سے ہٹنے کی گزارش کی لیکن بعد میں حالات کو قابو میں کرنے کے لیے عزاداروں کو منتشر کرنے کے لئے ہلکی طاقت کا استعمال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ جلوس کا حصہ تھے انہوں نے ایس او پیز کی پیروی نہیں کی تھی۔