وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے جموں و کشمیر کے سیاسی لیڈران کے کل جماعتِ اجلاس کے تین روز بعد مرکز نے کارگل کے لیڈران کو آئندہ ماہ کی پہلی تاریخ کو دہلی میٹنگ کے لیے دعوت نامے بیجھے ہیں۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اشہر کربلائی نے فون پر ای ٹی وی بھارت کو دعوت نامہ موصول ہونے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ 'جولائی مہینے کی پہلی تاریخ کو ہمیں منسٹر اف اسٹیٹ فور ہوم افيئرز جی کشی ریڈی کے ساتھ میٹنگ کے لیے دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔
کارگل کے تمام لیڈران اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔'اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'صرف کارگل ڈیموکریٹک الائنس کے لیڈران کو میٹنگ کے لیے دعوت دی گئی ہے۔ میٹنگ کے دوران ہم بھی اپنے مسائل سامنے رکھیں گے۔'
یہ بھی پڑھیں: جدید مشنری بروئے کار لائے جانے سے کیا جھیل ڈل صاف ہو پائے گا؟
وہیں چند خبروں کے مطابق لیہہ کے لیڈران کو بھی دعوت نامے بیجھے گئے ہیں، تاہم اس کی تصدیق کسی بھی مقامی رہنما نے نہیں کی۔
ای ٹی وی بھارت سے نام نہ بتانے کی شرط پر لیہہ کے مقامی لیڈر کا کہنا تھا کہ 'ابھی تک ہم کو کوئی دعوت نامہ نہیں حاصل ہوا ہے۔ جب ہوگا اس کے بعد شرکت کرنے کے بارے میں سوچیں گے۔'
اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم سب رواں مہینے کی 29 تاریخ کو مل رہے ہیں۔ وہیں ہم اس حوالے سے مزید بات چیت کریں گے۔'