سرینگر:وادی کشمیر کی سب سے بڑی تجارتی انجمن کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو باڈی کے انتخابات 21 ممبران کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
سرینگر کے کشمیر گورنمنٹ ایمپوریم میں منعقد کیے گئے ان انتخابات میں 1092 ممبران میں سے 724 ممبران نے اپنے ووٹ ڈالے۔سابق صدر جاوید ٹینگ کے گروپ 'ہوپ 21' نے ان انتخابات میں بازی ماری جبکہ حالیہ صدر شیخ عاشق کے گروپ کو شکست ملی۔توقع یہ کی جارہی ہے کہ منتخب ممبران سابق صدر جاوید ٹینگ کو کے سی سی آئی کا نیا صدر منتخب کریں گے۔
یاد رہے یہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کشمیر میں اس طرح کی پہلی سرگرمی ہے جب حکام نے وادی میں کسی سماجی گروپ کو انتخاب منعقد کرنے کی اجازت دی۔بتایا جاتا ہے کہ سرکار نے ان انتخابات کو منعقد کرنے کی اس لیے اجازت دی ہے کیوں کہ کشمیر میں G20 اجلاس منعقد ہونے والے ہیں اور یہ تاجر جی ٹونٹی اجلاس کے انعقاد میں اپنا تعاون فراہم کرنے میں کردار ادا کرے گی۔
مزید پڑھیں: KCCI Election 2023 سرینگر میں کے سی سی آئی کے ایگزیکیٹو باڈی کے انتخاب کے لیے ووٹنگ
ضلع مجسٹریٹ سرینگر محمد اعجاز کی نگرانی میں یہ انتخابات ہوئے تھے جس دوران ایمپوریم کے اردگرد سکیورٹی کا پہرہ بھی رہا۔کے سی سی آئی صدر کی مدت دو برس ہوتی ہے،تاہم شیخ عاشق سنہ 2017 سے اس انجمن کے صدر منتخب ہوئے تھے اور وہ گزشتہ پانچ برسوں کے زائد عرصے سے اس باڈی کے صدر رہے۔شیخ عاشق کی مدت پانچ اگست کے بعد ختم ہوئی تھی البتہ انتخابات کا انعقاد نہ ہونے کے سبب وہ اس باڈی کے عارضی صدارت کر رہے تھے۔