سرینگر (جموں کشمیر) : کشمیر کے ایک نوجوان محقق نے وادی میں پائے جانے والے پرندوں پر ایک تفصیلی کتاب تصنیف کی ہے۔ پرویز یوسف پانپور قصبے میں آبی پناہ گاہ کے نزدیک رہتے ہیں اور اس علاقے کے ویٹ لینڈس میں آنے والے مہمان پرندوں کی آمد نے ان کو جموں کشمیر اور لداخ کے پرندوں پر کتاب تحریر کرنے کی جانب مائل کیا۔
پرویز یوسف نے اس مفصل کتاب میں 677 پرندوں کو دستاویزی شکل دی ہے اور انکے نام انگریزی، کشمیری، لداخی اور ڈوگری میں بھی مرتب کئے ہیں۔ پرویز یوسف ضلع پلوامہ کے پانپور علاقے کے رہنے والے ہیں۔ اس قصبے کے گرد و نواح میں چار آبی پناہ گاہیں ہیں جن میں ہر سال سرما میں ہزاروں مہمان پرندوں کی آمد ہوتی ہے۔ ان پرندوں نے پرویز کو پہلے حیاتات میں ماسٹرس ڈگری حاصل کرنے کی طرف راغب کیا اور بعد میں ان کو ان پرندوں پر کتاب لکھنے کی طرف بھی مائل کیا۔
پرویز کی یہ کتاب گزشتہ مہینوں دلی میں ریلیز کی گئی اور گزشتہ دنوں اس کتاب کی سرینگر میں بھی تشہیر کی گئی۔ پرویز کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ برس محکمہ سیاحت کے ساتھ پہلگام کے سیاحتی مقام میں پرندوں کا نظارہ یعنی بارڈ واچنگ (Bird Watching) کی ایک تقریب پر گئے تھے۔ انکا کہنا ہے کہ اس روز انکو احساس ہوا کہ جموں کشمیر اور لداخ میں پائے جانے والے پرندوں پر کتابیں دستیاب نہیں ہے جس سے یہاں کے طلبا و شائقین کو اس حیات کے متعلق کوئی جانکاری نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: Young Sikh Author بارہمولہ کی نوجوان سکھ مصنف
انہوں نے مزید کہا کہ انکی اس کوشش سے اس خلا میں کچھ حد تک کمی واقع ہوگی اور ان کی اس کتاب سے محققین خاص کر پرندوں کے شائقین کو استفادہ ہوگا۔