سکیورٹی فورسز 5 اگست کے بعد سے ہی وادی کے مختلف اضلاع کے متعدد اسکولوں میں تعنیات کیے گئے ہیں۔
اس ضمن میں ناظم تعلیم محمد یونس نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں سے فورسز کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور امتحانات شروع ہونے تک تمام اسکولز خالی کرائے جائیں گے، تاہم انہوں نے کیمرے کے سامنے بات کرنے سے انکار کیا۔
بتا دیں کہ رواں ماہ کی 29 تاریخ سے میٹرک امتحانات منعقد ہونگے جس میں 65 ہزار طلبا شرکت کریں گے اور ان کے لیے 413 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، وہیں بارہویں جماعت کے امتحانات 30 اکتوبر سے شروع ہونگے، جس میں 48 ہزار طلبا حصہ لیں گے۔ ان طلبا کے لیے 633 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
گزشتہ روز صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران امتحانی مراکز میں تمام تر سہولیات دستیاب رکھنے کے لیے جائزہ میٹنگ منعقد کی۔
انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کی تمام امتحانی مراکز میں طلبا کے لیے گرمی، بجلی، ٹرانسپورٹ، پینے کا پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات دستیاب رکھیں۔
بتا دیں کہ 5 اگست کو مرکزی حکومت نے دفعہ 370 کے تحت جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت کو منسوخ کر کے ریاست کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کردیا۔
مرکزی حکومت نے وادی کشمیر میں بندیشیں عائد کر دی تھیں، بندیشوں کے کئی ہفتے بعد انتطامیہ نے اسکولوں کو بتدریج دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ، تاہم اسکولوں میں طلبا کی تعداد بہت کم رہتی ہے۔