قومی تحقیقاتی ایجنسی، این آئی اے نے جموں وکشمیر میں اتوار کو سات مقامات پر چھاپے مارے جس دوران دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ چھاپے جموں میں ضبط کی گئی دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈی، کی تحقیقات کے سلسلے میں مارے گئے۔
ان چھاپوں کے متعلق این آئی اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایجنسی نے ’’دی ریزسٹنس فرنٹ‘‘ (ٹی آر ایف) کے دو کارکنان، توصیف احمد وانی (بارہ مولہ) اور اننت ناگ کے فیض احمد خان کو گرفتار کرلیا ہے۔
این آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ چھاپوں کے دوران ڈیجیٹل مصنوعات بشمول موبائل فونز، یو ایس بی ڈرائیوز ضبط کرلئے ہیں اور اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔
غور طلب ہے کہ این آئی اے کی مختلف ٹیموں نے سرینگر، اننت ناگ، کولگام، بارہمولہ میں اتوار کی صبح مختلف افراد کے گھروں پر چھاپے مارکر مکینوں سے پوچھ تاچھ کی تھی۔
یاد رہے کہ جموں کی مقامی پولیس نے بٹھنڈی علاقے میں ایک آئی ای ڈی ضبط کی تھی جس کے بعد شک کی بنیاد پر کئی افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سنہ 2017 سے این آئی اے نے کشمیر میں متعدد افراد کو عسکریت پسندی اور حوالہ فنڈنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے اور ان پر مقدمے درج کئے ہیں۔ ان گرفتاریوں میں بیشتر حریت رہنما بھی شامل ہیں۔