کشمیر جم خانہ کے عادل ریشی کو گیند اور بلے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے 57 رنز بھی بنائے اور چار وکٹیں بھی حاصل کیں۔
چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرکٹ فریٹرنٹی ڈل گیٹ نے کیا تھا اور اس میں وادی کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی 32 ٹیموں نے حصہ لیا۔
ٹرافی کے فائنل میچ میں صوفی برادرس نے ٹاس جیت کر کشمیر جم خانہ کو بلے بازی کرنے کی دعوت دی۔
کشمیر جم خانہ کی پہلے اوورز کے دوران صورتحال خراب رہی اور انہوں نے ابھی ایک ہی رن اسکور کیا تھا کہ ایک بلے باز کو پویلین لوٹنا پڑا۔
تاہم جم خانہ کے بقیہ کھلاڑیوں نے اننگ کو سنبھال کر مقررہ 30 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 205 رن کا اچھا اسکوردرج کیا۔ جم خانہ کی طرف سے عامر صوفی نے 78 اور عادل ریشی نے 57 رنز بنائے۔
کشمیر اور لداخ میں شدید سردی کی لہر
ہدف کا تعاقب کرنے اتری صوفی برادارس کی پوری ٹیم صرف 64 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس طرح 141 رنوں سے اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری، جو اس موقع پر مہمان خصوصی کے بطور موجود تھے، نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن انہیں ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کھلاڑیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی تاکہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع مل سکے۔
فائنل جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور 25 ہزار روپے مالیت کے چیک جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور 15 ہزار روپے مالیت کے چیک سے نوازا گیا۔ درجنوں سینئر کھلاڑیوں اور نامور شہری میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود رہے۔