سرینگر: وادیٔ کشمیر میں جہاں آج دھند میں کمی دیکھی گئی وہیں کشمیر کے تمام اضلاع میں درجۂ حرارت آج بھی نقطۂ انجماد سے کئی ڈگری نیچے رہا۔ وہیں گزشتہ روز محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرچہ ہفتہ اور اتوار کو خطہ میں مغربی ڈسٹربنسز کا اثر دیکھا جاسکتا ہے لیکن بارش یا برف باری کا امکان نہیں ہے۔ اس نے مزید کہا گیا تھا کہ "اگرچہ آئندہ 48 گھنٹوں میں دھند میں کمی دیکھی جائے گی لیکن پیر کے روز سے آئندہ سات دن تک دھند دوبارہ سے چھائی رہے گی۔ کئی مقامات پر کم دھند وہیں کئی علاقوں میں گھنی دھند ہوگی تاہم درجۂ حرارت میں بہتری آنے کی امید ہے۔" جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں جہاں آج رات کا درجۂ حرارت منفی 2.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا وہیں شمالی کشمیر کا ضلع بانڈی پورہ سب سے ٹھنڈا رہا۔
یہ بھی پڑھیں:
کشمیر کے موسم کا حال: بڈگام، بانڈی پورہ اور گاندربل جموں و کشمیر میں سب سے زیادہ سرد
محکمۂ موسمیات کے مطابق، شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے علاوہ وادی کے دیگر اضلاع میں بھی لوگوں نے شدید ٹھنڈ کا سامنا کیا۔ جنوبی کشمیر کے شوپیاں، پلوامہ، پہلگام اور اننت ناگ میں رات کا کم از کم درجۂ حرارت منفی 3.9، منفی 3.4، منفی 4.1 اور منفی 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا وہیں کوکرناگ میں منفی 1.3، قاضی گنڈ میں منفی 2.0، اور کولگام میں منفی 0.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ شمالی کشمیر کے گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 2.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طر ح بارہمولہ میں شبانہ درجۂ حرارت منفی 3.4، کوپورا میں منفی 2.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں صوبہ جموں کے بیشتر علاقوں میں درجۂ حرارت آج بھی نقطۂ انجماد سے اوپر ہی رہا۔ بنیہال میں سب سے کم 1.2 ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت درج کیا گیا، جس وجہ سے جموں صوبے کی سب سے سرد ترین رات یہاں کے لوگوں نے محسوس کی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق، سرمائی راجدھانی جموں میں کل رات کا کم از کم درجۂ حرارت 7.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، کٹرا کا 8.2 ڈگری سیلسیس، کٹھوعہ میں 7.7 ڈگری سیلسیس اور بٹوٹ میں 4.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ بنیہال کے بعد بھدیروہ میں جموں صوبے میں سب سے سرد ترین رات محسوس کی گئی، جب وہاں رات کا درجۂ حرارت 2.2 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا۔ اُدھم پور، رام بن، ریاسی، اور سامبا میں بالترتیب 5.9، 4.9، 7.5 اور 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں مرکزی زیر انتظام لداخ کے لیہہ میں منفی 9.8 ڈگری درج کیا گیا، کارگل میں منفی 8.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا وہیں دراس میں منفی 10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔