سرینگر (جموں و کشمیر): ’’22 مئی سے سرینگر میں شروع ہونے والا جی 20 اجلاس کشمیر کی مہمان نوازی کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر متعارف کرائے گا، اس اجلاس سے خطے کی معیشت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔‘‘ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز راج باغ میں دریائے جہلم پر ریور فرنٹ کا افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان باتوں کا اظہار کیا۔ سنہا نے کہا کہ ’’جہلم ریور فرنٹ کا چھ کلومیٹر پہلے ہی تعمیر ہو چکا ہے اور سلسلہ میں مزید کام جاری ہے۔‘‘
ریور فرنٹ کا افتتاح کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے سنہا نے کہا: ’’سرینگر کو بین الاقوامی سطح اور معیار کے مطابق سجایا اور اپگریڈ کیا جا رہا ہے۔ شہر میں جلد ہی ایک لائبریری بھی شروع ہو جائے گی جہاں جلد ہی مفت وائی فائی زون، سائیکل ٹریک، واک ویز اور کیفے بھی ہوں گے۔ سرینگر، جو آبی ذخائر سے گھرا ہوا ہے، جلد ہی ہر لحاظ سے ایک سمارٹ شہر بن جائے گا۔‘‘
جی 20 سمٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر انتظامیہ سمیت ہر ایک نے اس میٹنگ، جو 22 مئی کو شروع ہو رہی ہے، کے لیے سبھی پلان مکمل کر لیے ہیں۔‘‘ سنہا نے مزید کہا: ’’یہ تقریب عالمی سطح پر کشمیر کی مہمان نوازی کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ پوری دنیا میں کشمیر اپنی مہمان نوازی اور خوبصورتی کے لیے مشہور ہے۔ اور یہ اجلاس سیاحوں کی تعداد میں اضافے کا باعث بنے گا۔ ہم پر امید ہیں کہ جی 20 کے اجلاس سے جموں و کشمیر کی معیشت کو نمایاں طور پر استحکام ملے گا۔‘‘ سنہا نے اہم اور تاریخی سمیت (جی 20) کے لیے جموں و کشمیر کو منتخب کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ جی 20 سربراہی اجلاس بھارت کی زیر صدارت پہلی بار کشمیر میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس اجلاس میں مختلف ممالک کے مندوبین شرکت کر رہے ہیں اور چین سمیت پاکستان نے اس پر اعتراض بھی ظاہر کیا ہے۔
مزید پڑھیں: China to Skip G20 Meet in Kashmir سرینگر میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں چین کا شرکت سے انکار