جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہفتے کے روز مرکزی اور یو ٹی سرکار کے سامنے اپنا مطالبہ رکھا۔ اس میں اس نے کہا کہ 'ملک میں عالمی وبا کے معاملات میں شدید اضافے کے پیش نظر تہاڑ جیل میں زیر حراست کشمیری قیدیوں کو وادی منتقل کیا جائے۔'
ایسوسی ایشن کے ترجمان اعلیٰ جی این شاہین کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق 'گزشتہ روز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نظر احمد رونگا کی صدارت میں ایک خصوصی اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔ اجلاس کے دوران بھارت کی مختلف جیلوں میں زیر حراست قیديوں کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔'
یہ بھی پڑھیں: تہاڑ جیل میں موبائل برآمد ہونے کے بعد تحقیقات کا حکم
اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'مرکزی سرکار اور جموں و کشمیر انتظامیہ سے گزارش ہے کہ عالمی وبا کے پیش نظر کشمیری قیدیوں کو وادی منتقل کیا جائے۔ ان قیدیوں کے گھر والے کافی پریشان ہیں۔ ہم انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ ان قیدیوں کے معاملات پر دوبارہ نظرثانی کی جائے اور پھر پرول پر رہا کیا جائے۔'
تہاڑ جیل میں قید افراد کی صحت کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 'حریت رہنما شاہد الاسلام مثبت ہیں، بشیر بٹ برین ٹیومر میں مبتلا ہیں، یاسین ملک، شبیر شاہ، نعیم خان، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، ایاض اکبر اور دیگر کی صحت بگڑ رہی ہے۔'