جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ سفری تاریخ چھپانے والے افراد اپنے آپ، اپنے اہل خانہ اور سماج کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے سفری تاریخ چھپانے والوں کو سخت کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مثبت کیسز میں غیر معمولی اضافہ اسی کا شاخسانہ ہے۔
پولیس سربراہ نے اتوار کے روز یہاں میڈیا کو بتایا: 'میرا ماننا ہے کہ ہر ایک شخص پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنی سفری تاریخ خود ظاہر کریں۔ سفری تاریخ چھپانے والے نہ صرف اپنے آپ کو بلکہ اپنے اہل خانہ اور سماج کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ جن لوگوں نے ابھی تک اپنی سفری تاریخ ظاہر نہیں کی ہے ان کو فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کرنا چاہیے'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'سفری تاریخ ظاہر نہ کرنے کی وجہ سے ہی دو روز سے کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں ہمیں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ دو افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔
دلباغ سنگھ نے کہا کہ سفری تاریخ چھپانے سے گریز کیا جائے۔ چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی'۔تاہم دلباغ سنگھ کے مطابق لوگ رضاکارانہ طور پر پولیس کو کال کرکے بیرون جموں وکشمیر سے آنے والے افراد سے متعلق تفصیلات فراہم کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: 'یہ مہم عوام تک پہنچ چکی ہے۔ ہمارے ڈائیل 100 اور 112 پر لوگ رضاکارانہ طور پر کال کرکے ہمیں یہ بتاتے ہیں کہ فلاں شخص فلاں جگہ سے آیا ہے لیکن اس نے ابھی تک پولیس یا سول انتظامیہ کے ساتھ رابطہ نہیں کیا ہے۔ ایسی کالیں موصول ہونے پر فوری کارروائی کی جاتی ہے اور اپنی سفری تاریخ چھپانے والوں کو قرنطینہ مراکز میں لایا جاتا ہے'۔