سرینگر: سی پی آئی (ایم) کے سینیئر رہنما محمد یوسف تاریگامی نے اسرائیل حماس جاری جنگ میں جنگ بندی میں حکومت ہند سے مداخلت کی درخواست کی۔سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تاریگامی نے اسرائیل کی طرف سے امریکہ کی حمایت سے غزہ پر کی جا رہی بمباری کو نسل کشی سے تعبیر کرتے ہوئے اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری جنگی جرائم کو روکنے کے لیے موثر مداخلت کرنے کی اپیل کی۔تاریگامی نے کہا "میں مرکزی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ خاموش تماشائی نہ بنے اور (سابق وزیر اعظم) جواہر لال نہرو اور اٹل بہاری واجپائی کی روایتی پالیسی پر عمل کرے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "مرکزی سرکار اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے اور جنگ بندی کا مطالبہ کرے.تاریگامی نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کہ وہ انصاف کے لیے آواز اٹھائیں۔انہوں نے مغربی ممالک سے اپیل کی کہ اس جنگ کو روکنے کے لیے وہ خاموش نہ رہے اور خطے میں تشدد کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ واضح رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 4,651 ہو گئی ہے۔ حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ ساحلی علاقے میں 14,245 فلسطینی زخمی ہوئے۔ متاثرین میں 1,873 بچے اور 1,023 خواتین شامل ہیں۔ وزارت کے ترجمان اشرف نے ایک پریس بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 266 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
مزید پڑھیں: |
اسرائیلی فضائی حملے 7 اکتوبر کو اسرائیلی فوجی اہداف اور قصبوں پر حماس کے بڑے حملے کے بعد شروع ہوئے تھے، جس میں اب تک اسرائیل میں کم از کم 1400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 1700 سے زائد بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔