حالیہ دنوں سرینگر کے مولانا آزاد روڈ پر 'آلیو اینڈ فگز اِمی گریشن سروسز' کی طرف سے تشہیری ہورڈنگ کھڑی کی گئی تھی جو ترکی میں تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے لوگوں کو متوجہ کر رہی تھی۔اگرچہ یہ ہورڈنگ سرینگر میونسپل کارپوریشن کی اجازت کے بعد لگائی گئی تھی لیکن چند روز بعد اسکو ہٹایا گیا ہے۔
اس کی وجہ ترکی کی جانب سے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد اقوام متحدہ پر کشمیر کی صورتحال پر ذکر کرنا بتائی جارہی ہے- واضح رہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کشمیر کی صورتحال پر پاکستان، ترکی اور ملیشیا کی جانب سے عالمی سطح پر بات کی گئی تھی جو بھارتی حکومت کو ناگوار گزری تھی-
"انویسٹ ان ترکی" والی اس ہورڈنگ کو ہٹایا گیا ہے تاہم سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر یا میئر نے اس کے متعلق خاموشی اختیار کی ہے، لیکن آلیو اینڈ فگ' کمپنی نے اس ہوڈنگ پر ایک بیان جاری کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے تھا انکا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا لیکن اس ہورڈنگ کو "پر اسرار" قرار دے کر خواہ مخواہ متنازع بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں یہ اشتہارات ممبئی اور دہلی کے شہروں میں بھی کی ہیں اور اسکا مقصد لوگوں کو یورپ اور ترکی جیسے مقامات میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنا ہے- سرینگر میونسپل کارپوریشن کے مطابق انہوں ایک اشتہاری ایجنسی 'الپائن اوٹ ڈور میڈیا سروسز' کو ہورڈنگ کا ٹھیکہ دیا تھا جو 14 اپریل کو ختم ہوا جس کی وجہ سے اسکو ہٹایا گیا ہے۔