سرینگر:آج مادی زبان کا کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن زبان کی اہمیت اور تحفظ کے حوالے سے آگاہی کے طور مختلف سمینار، سمپوزیم اور دیگر تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے۔ ایسے میں مادری زبان کے دن پر کلچرل اکیڈمی کی جانب سے ایک خاص مشاعرہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا،جس میں الگ الگ علاقائی زبانوں میں مہارت اور دسترس رکھنے والے شعراء حضرات نے اپنا اپنا کلام پیش کیا،وہیں مادی زبانوں کی اہمیت و افادیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
انسان سمیت کرہ ارض پر موجود ہر ذی روح اپنی اپنی جنس سے مخاطب ہونے کے لیے زبان کا استعمال کرتے ہوئے جذبات و احساسات کا اظہار کرتا ہے۔ اگر ہم اس حوالے سے روئے زمین پر موجود انسان کی بات کریں جسے خالق کائنات نے اشرف المخلوقات کا درجہ دے رکھا ہے، ان کی تعداد دنیا میں اس وقت اربوں نفوس پر مشتمل ہے اور یہ کئی ارب افراد اپنے اپنے خیالات، جزبات کے اظہار کیلئے بھی مختلف قسم کی زبانیں بولتے ہیں، جن میں سے کئی زبانیں اب معدوم ہوگئیں اور کئی زبانیں اب ختم ہونے کے دہانے پر ہیں کیونکہ ان کو بولنے والوں نے دوسری زبانوں کا سہارا لینا شروع کردیا جس کے باعث اب مزید زبانوں کو بھی خطرات لاحق ہوتے جارہے ہیں ۔
21 فروری کے دن اقوام عالم میں موجود ہر ایک شخص اپنی ماں بولی زبان سے اپنائیت اور چاہت کا اظہار دل کھول کے کرتا ہے۔ کرنا بھی چاہیے کیونکہ ایک انسان سب سے پہلے جسے اظہار کا ذریعہ بناتا ہے وہ اس کی ماں بولی زبان ہی ہوتی اور اس حوالے سے ان کی چاہت و محبت ایک فطری عمل ہے جسے چاہتے ہوئے بھی کم نہیں کیا جاسکتا۔اگر ہم مادری زبان کے عالمی دن کی تاریخ پر نظر دوڑائیں تو اس کی ابتداء اردو و بنگلہ زبانوں کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد سے ملتا ہے۔
مادری زبان کا دن بین الااقوامی سطح پرلسانیات کو فروغ دینے اور ثقافت کو بچانے، لسانی تنوع کی بقا کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ ہرسال یہ دنیا بھر میں 21 فروری کو یوم مادری زبان منایا جاتا ہے۔ اس دن کا آغاز سنہ 2000میں مادری زبانوں کے تحفط کی غرض سے شروع کیا گیا۔ اس دن کو پہلی بار اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم نے متعارف کرایا تھا۔ کہا جاتا ہیکہ سب سے پہلے یوم مادری زبان بنگلہ دیش میں منایا گیا تھا۔
گلوبلائزیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے دور میں کئی مقامی زبانیں معدومیت کے دہانے پر ہیں۔ اقوام متحدہ نے اس مسئلے کو تسلیم کیا اور اس دن کا آغاز کیا تاکہ لوگوں کو اپنی مادری زبان کا احترام اور اس کی اہمیت کو تسلیم کرنے کے ترغیب دی جا سکے۔ ہر زبان ایک میراث ہے جسے ثقافتی تنوع اور بین الثقافتی مکالمے کو یقینی بنانے کے لیے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں:International Mother Language Day: بین الاقوامی یوم مادری زبان
امریکن شاعر اولیور وینڈیل ہومز کے مطابق" زبان روح کا خون ہے جس میں خیالات چلتے ہیں اور وہ پروان چڑھتے ہیں۔"جیک ایڈورڈ کے مطابق"مادری زبان کے بغیر قوم کیا ہے؟"مہاتما گاندھی کے مطابق مجھے اپنی مادری زبان سے اپنی ماں کے سینے کے ساتھ چمٹے رہنے کی طرح رہنا پسند ہے۔ کیونکہ یہی مجھے زندہ رہنے میں مدد دیتی ہے۔ اور ہر شخص کو اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا چاہیے۔ آئیے آج بین الاقوامی مادری زبان کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی مادری زبان کی بقا کے لیے عام بول چال میں اپنی مادری زبان کا استعمال کریں گے اور اپنی مادری زبان کا تحفظ کریں گے۔