نیشنل کانفرنس نے گالندر پانپور میں قیام پذیر خانہ بدوش گوجر بکروال کو مبینہ طور پر ہراساں کئے جانے پر ناراضگی اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی کے رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے ان پسماندہ خانہ بدوشوں کو حکومت کی طرف سے تنگ کرنے کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پسماندہ طبقوں کو حکومتی امداد اور پشت پناہی کی ضرورت ہے، انہیں بلاجواز اور غیر ضروری اقدامات کے تحت علاقے سے بے دخل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سماج کا یہ طبقہ پہلے ہی حکومت کی نظروں سے اوجھل ہونے کی وجہ سے پستی کی طرف جا رہا ہے اور گذشتہ برسوں کے دوران اس طبقہ کو ہر سطح پر نظرانداز کرنے کے علاوہ حکومتی سطح پر ان کے خلاف اعلان جنگ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2016 میں جموں میں ان طبقوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کرنے کی شروعات کی گئی اور یہ سلسلہ پہلگام تک پہنچ گیا اور اب گالندر پانپور میں مقیم خانہ بدوشوں کو وہاں سے نکلنے کے لئے نوٹس دیئے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرینگر میں پولیس پارٹی پر حملہ، دو اہلکار ہلاک
حسنین مسعودی نے یہ معاملہ صوبائی کمشنر کشمیر کی نوٹس میں لایا اور خانہ بدوشوں کی بے دخلی کے اقدامات پر زور روک لگانے کی تاکید کی۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل چیلنجوں اور حالات کے مارے یہ خانہ بدوش پہلے ہی کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ان لوگوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے اور انہیں امن و سکون کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
صوبائی کمشنر نے رکن پارلیمان کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملہ کا بذات خود نوٹس لیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان لوگوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی اور ناروا سلوک نہیں ہو۔