انجمن نصرۃ الاسلام کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں محمد ابراہیم شاہ کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق مرحوم محمد ابراہیم گرچہ انجمن نصرۃ الاسلام کے ساتھ دوران سروس بھی وابستہ تھے، تاہم ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے 'بلا معاوضہ' انجمن نصرۃ الاسلام کی خدمات کے لیے خود کو وقف کیا تھا۔
پریس بیان کے مطابق مرحوم نے قابل قدر اور ناقابل فراموش تعلیمی و اصلاحی خدمات انجام دی ہیں، اور وہ تعلیمی نظام کو مستحکم بنانے کے لیے ہر وقت کوشاں رہتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: 'ہم دفعہ 370 اور 35اے کی واپسی کے خواہاں ہیں'
سرینگر کے گوگجی باغ میں واقع ان کی رہائش گاہ میں محمد ابراہیم شاہ مختصر علالت کے بعد بدھ کو فوت ہو گئے، اور ان کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
دریں اثناء، انجمن نصرۃ الاسلام نے پریس بیان میں کہا ہے کہ مسلسل خانہ نظر بندی کے باعث میرواعظ مولوی عمر فاروق مرحوم کی آخری رسومات میں شریک نہ ہو سکے، تاہم انہوں نے مرحوم کی وفات کو ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے جملہ پسماندگان کیلئے صبر جمیل اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔