نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دعویٰ کیا کہ کشمیری پنڈتوں کو ہجرت پر مجبور کرنے کا مقصد کشمیریوں کو بدنام کرنا تھا۔
انہوں نے یہ بات منگل کو اپنی رہائش گاہ گپکار روڑ پر پنڈت برادری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پنڈت برادری کا ایک اعلیٰ سطحی وفد، جس کی قیادت نیشنل کانفرنس اقلیتی سیل کے صدر پنڈت ایم کے یوگی کررہے تھے، نے یہاں پارٹی صدر فاروق عبداللہ سے ملاقات کی۔
اس موقعے پر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی بھی موجود تھے۔
وفد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو اُن مصائب اور مشکلات سے آگاہ کیا جو مہاجر پنڈتوں کو باہری ریاستوں میں درپیش ہیں۔
وفد نے کہا کہ جموں میں مقیم مہاجر پنڈتوں کو معقول رہائشی سہولیات میسر نہیں جس سے انہیں زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
فاروق عبداللہ نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو رات کے اندھیرے میں جس سازش کے تحت ہجرت کرنے کے لئے مجبور کیا گیا اُس کی سچائی ابھی تک سامنے کیوں نہیں لائی جارہی ہے؟
انہوں نے کہا: 'جن لوگوں نے پنڈتوں کو ہجرت کرنے کے لئے مجبور کیا انہوں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ آپ کو اڑھائی ماہ کے اندر اندر واپس اپنے گھروں کو واپس لایا جائے گا لیکن 31 سال گزر جانے کے باوجود بھی ایسا نہیں ہوا'۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پنڈتوں کو ہجرت کے لئے مجبور کرنے کے پیچھے کشمیریوں کو بدنام کرنا بھی ایک مقصد تھا۔
انہوں نے کہا کہ موقعہ پرست اور مفاد پرست عناصر اپنے حقیر مفادات کے لئے کشمیری پنڈتوں کا استحصال کر رہے ہیں اور ہماری پنڈت برادری آسانی سے ان عناصر کے بہکاﺅے میں آ جاتے ہیں۔
انہوں نے پنڈتوں پر زور دیا کہ وہ آپسی صفوں میں اتحاد قائم کریں کیونکہ آپ لوگ ٹولیوں میں بٹ کر رہ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنڈت برادری کشمیری سماج کا اہم جز: نیشنل کانفرنس
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر پنڈتوں کے بغیر ادھورا ہے، یہی نیشنل کانفرنس کا موقف رہا ہے اور آج بھی ہے، ہماری جماعت اپنے پنڈت بھائیوں کی باعزت واپسی کے متمنی ہیں۔
اس موقعے پر گزشتہ روز نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے والے شوپیان میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین، کارپورٹرس، پنچ اور سرپنچ بھی موجود تھے۔
یو این آئی